اترپردیش کے بنارس میں منعقد ایک پروگرام میں آج شرکت کرنے پہنچے جھارکھنڈ کے معروف شیعہ عالم دین سید تہذیب نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وسیم رضوی کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ورنہ ملک کے حالات بگڑ سکتے ہیں اور ضلع انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے شیعہ عالم دین نے کہا کہ وسیم رضوی کسی بھی مکتبہ فکر سے تعلق نہیں رکھتا ہے وہ مرتد ہوگیا ہے اسلام سے خارج ہوچکا ہے۔
وسیم رضوی کو گرفتار کرنے کا مطالبہ
بنارس پہنچے جھارکھنڈ کے معروف شیعہ عالم دین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وسیم رضوی کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ورنہ ملک کے حالات بگڑ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قرآن شریف انسانیت کا درس دیتا ہے جب بھی انسانیت کا گلا گھوٹا گیا ہے اس وقت قرآن مجید نے انسانوں کی رہنمائی کی ہے اور انسانیت کو بچایا ہے لہذا قرآن شریف کے خلاف اٹھنے والی آواز کسی بھی طبقے کو گوارا نہیں ہے۔
وسیم رضوی کے لیے ہم نے عوام سے مطالبہ کیا ہے کہ احتجاج کے ذریعے حکومت سے گزارش کریں کہ اس کو گرفتار کیا جائے اس کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ کسی ایک خاص مکتب فکر کے لوگوں کا مسئلہ نہیں ہے یہ پورے مسلمانوں کا مسئلہ ہے سب متفق ہو کر وسیم رضوی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں اس کو فوری طور گرفتار کیا جائے ورنہ ضلع انتظامیہ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین وسیم رضوی نے گزشتہ دنوں عدالت عظمیٰ میں ایک درخواست دائر کرکے قرآن شریف سے کل 26 آیات ہٹانے کی گزارش کی تھی جس سے ملک کے مسلمانوں میں غصہ ہے۔