کورونا وائرس کے سبب ملک بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے جس کی وجہ سے روزانہ کمانے کھانے والوں اور غریب لوگوں کو خاصی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایسے میں مختلف تنظیمیں سامنے آکر ان سبھی ضرورت مندوں کو راشن اور کھانے کے پیکٹ مہیا کرانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔
دار المخلصین کی جانب سے مفت راشن تقسیم ایسی ہی ایک تنظیم دار المخلصین علیگڑھ یونٹ ہے جو اب تک تقریباً 2200 خاندانوں کو راشن کے پیکٹ مہیا کراچکی ہے۔
دار المخلصین علیگڑھ یونٹ کے رکن مزمل رحمن نے بتایا 'ہم ان لوگوں کو کھانے کے پیکٹ پہنچا رہے ہیں جو غریب ہیں، رکشہ چلانے والے ہیں ان کا ڈاٹا ہمارے پاس موجود ہے اور اس کے لیے ہم سروے بھی کراتے ہیں جو بھی ڈاٹا ہمارے پاس آتا ہے ہم جانچ پڑتال کے بعد پیکٹ ان تک بھیجتے ہیں'۔
مزمل رحمان نے مزید بتایا کہ 'ایک پیکٹ کی قیمت تقریباً 500 روپئے ہے۔ جو مدد کرنے والے لوگ ہیں وہ دار المخلصین کی ٹیم تک پہنچا دیتے ہیں اس سے ہم ان کی مدد کرتے ہیں'۔
دار المخلصین علیگڑھ یونٹ کے رکن عامر انور نے بتایا 'ہم لوگ زیادہ تر کچی آبادی کے علاقوں کے لوگوں کو دیتے ہیں کیونکہ وہ لوگ بہار، بنگال، مغربی اترپردیش سے آئے ہوتے ہیں زیادہ تر ان ہی لوگوں پر توجہ دی جاتی ہے تاکہ ان کی ضرورتیں پوری کی جاسکیں اس کے بعد مقامی لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہیں'۔