رامپور: ہر والدین کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی اولاد پڑھ لکھ کر خوب ترقی کرے اور کامیابی کی منزل پر پہنچے۔ والدین نہ صرف اپنی اولاد کی کامیابیوں کے لیے دعائیں کرتے ہیں، بلکہ زندگی بھر اسی دوڑ دھوپ میں لگے رہتے ہیں کہ کسی طرح سے اولاد کامیابی کی منزل کو حاصل کر لے، لیکن اس جدید سماج میں وہی اولادیں جب کامیابی کی منزل پر پہنچ جاتی ہیں تو ان میں سے اکثر اولادوں کو اپنے عمر رسیدہ والدین بوجھ نظر آنے لگتے ہیں۔Old Age Home Rampur
ان کو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ اپنے ان والدین کی وجہ سے اپنی زندگی کھل کر انجوائے نہیں کر پا رہے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ مغربی معاشرے سے مرعوب یہ اولادیں اپنے بوڑھے والدین کو اولڈ ایج ہوم چھوڑ آتے ہیں۔ رامپور میں واقع اولڈ ایج ہوم پہنچ کر ای ٹی وی بھارت نے ایسے معمر افراد سے ملاقات کی اور جاننے کی کوشش کی کہ وہ کس وجہ سے یہاں رہ رہے ہیں۔