ریاست اترپردیش میں واقع علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے داراشکوہ کی گنگا جمنی تہذیب پر مبنی تعلیمات، ہندو مت کو یورپ اور مغرب میں متعارف کرانے کے لیے یونیورسٹی میں داراشکوہ چیئر قائم کرنے جبکہ جامعہ ملیہ اسلامیہ (جے ایم آئی) کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر نے داراشکوہ کو کورس میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دونوں یونیورسٹیز کے وائس چانسلر نے یہ اعلان قومی اردو کونسل برائے فروغ اردو زبان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ داراشکوہ پر اے ایم یو میں ایک چیئر قائم کی جائے گی تاکہ دارا شکوہ کے بارے میں تحقیق کا کام کیا جاسکے اور ان کی فکر اور ان کے کثرت میں وحدت کے فلسفے سے نئی نسل کو روشناس کرایا جاسکے۔'
انہوں نے کہا کہ 'اس کی منظوری فائنانس کمیٹی سے مل چکی ہے اور منظوری کے لیے یونیورسٹی گرانٹ کمیشن کو بھیجا جائے گا۔'