کورونا سے بچاؤ کے لیے جاری ویکسینیشن کے دوسرے مرحلہ میں اقلیتی امور کے مرکزی وزیرمختار عباس نقوی رامپور پہنچے جہاں انہوں نے ڈالمیہ آئی ہسپتال میں کورونا کی پہلی ویکسین لگوائی۔
ڈالمیہ ہسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر کے لال نے مرکزی وزیر کے پہنچنے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کے سائنس دانوں کے ذریعہ تیار کی گئی کورونا ویکسین کے خلاف مختلف قسم کی غلط فہمیاں پھیلانے کی کوشش کی جا رہی تھی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ایسی افواہوں پر توجہ نہ دیں کورونا کا ٹیکہ ضرور لگوائیں۔
'مختار عباس نقوی نے عام شہریوں کی طرح کورونا ویکسین لگوائی' وہیں مختار عباس نقوی کے کورونا کا ٹیکہ لگانے والے ڈاکٹر مکیش کمار نے بتایا کہ انہوں نے کس طرح مرکزی وزیر کو کورونا ویکسین لگائی ہے اور اب دوسری ویکسین انہیں کب لگائی جائے گی اس سے متعلق بھی جانکاری دی۔
مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے عام لوگوں کی طرح 250 روپے ویکسین فیس ادا کر کے ویکسین لگوائی۔ ان سے فیس حاصل کرنے والی ڈالمیہ ہسپتال کی اسٹاف نپور سکسینہ نے کہا کہ عام لوگوں کی طرح مرکزی وزیر سے بھی 250 روپے فیس لی گئی اور ان کو اس کی رسید بھی دی گئی۔
واضح رہے کہ رامپور ضلع میں ویکسینیشن کے تین مراکز کے علاوہ ڈالمیہ آئی ہسپتال میں بھی ویکسینیشن کا نظم کیا گیا ہے۔