اردو

urdu

ETV Bharat / state

بارہ بنکی میں دلت لڑکی کا قتل، کانگریس وفد کی متاثرہ خاندان سے ملاقات

اترپردیش کے بارہ بنکی میں گزشتہ اتوار کو ایک دلت لڑکی کا قتل کر کے اس کی لاش کو کھیت میں پھینک دیا گیا تھا۔ آج کانگریس کے ایک وفد نے مقتولہ کے گھر والوں سے ملاقات کی۔

Dalit girl killed in Barabanki, Congress delegation meets victim's family
بارہ بنکی میں دلت لڑکی کا قتل، کانگریس وفد کی متاثرہ خاندان سے ملاقات

By

Published : Jan 20, 2021, 9:30 PM IST

کانگریس نے بارہ بنکی میں ایک دلت لڑکی کے قتل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مقتولہ کے اہل خانہ کو فوری طور پر 50 لاکھ روپئے معاوضہ دینے اور قصورواروں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔

ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر اجئے کمار للو کی ہدایت پر کانگریس کے وفد نے سدھور بلاک میں واقع مقتولہ کے گاؤں پہونچ کر گھر والوں کو پرسہ دیا۔ وفد کی قیادت سابق ریاستی وزیر آر کے چودھری نے کی۔ وفد نے دماغی طور پر معذور لڑکی کے ساتھ کی گئی بربریت کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

اس سلسلہ میں آر کے چودھری اپنی رپورٹ ریاستی صدر کو دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں جرائم کے واقعات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔ بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ کا نعرہ دینے والی بی جے پی حکومت لڑکیوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ثابت ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 3 ماہ قبل بھی بارہ بنکی کے سیٹھ مؤ پپری گاؤں میں اسی طرح کی واردات پیش آئی تھی۔ انہوں نے اس بات کی بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ کانگریس کی جانب سے متاثرہ خاندان کو انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو زید پور تھانہ حلقہ کے بی بی پور گاؤں میں سرسوں کے کھیت سے 22 سالہ معذور لڑکی کی لاش برآمد ہوئی تھی جس کی شناخت کوٹھی تھانہ حلقے کے کورہرا پوروا گاؤں کی ایک دلت لڑکی کے طور پر کی گئی تھی۔ اطلاعات کے مطابق لڑکی کے ساتھ اجتماعی جنسی زیادتی کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کردیا گیا تھا۔ اس معاملہ میں تحقیقات جاری ہیں۔ واردات کے تین دن بعد بھی پولیس کو اس معاملہ میں کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details