اس درمیان پارٹی کے سیکڑوں مرد وخواتین کارکنان سائکل چلاکر 2022 کے اسمبلی انتخابات میں سماجوادی حکومت اور اعظم خاں کی رہائی کے لیے نعرے لگا رہے تھے۔
سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اور سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو جمعہ کے روز رامپور پہنچے تھے اور یہاں سے انہوں نے 2022 کے اسمبلی انتخابات کے لیے مشن 2022 کا آغاز سائکل ریلی نکال کر کیا۔
آج یہ ریلی سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر نریش اوتم کی قیادت میں رامپور سے بریلی کے لیے روانہ ہو گئی۔ نریش اوتم نے بتایا کہ ریاست میں 2022 کے اسمبلی انتخابات میں سماجوادی حکومت لانے اور رکن پارلیمان اعظم خاں کی رہائی و جوہر یونیورسٹی کو بچانے کے لیے مشن 2022 کے تحت سائکل ریلی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کی عوام یوگی حکومت کے ظلم و زیادتیوں سے تنگ آ چکی ہے۔ آسمان چھوتی مہنگائی سے عام آدمی بدحال ہے۔ اس لیے عوام ترقی میں یقین رکھنے والی سماجوادی حکومت لانا چاہتی ہے۔
رامپور کے امبیڈکر پارک سے آج یہ سائکل ریلی بریلی کے لیے روانہ ہوئی ہے۔ اس دوران پارٹی کے سیکڑوں مرد و خواتین کارکنان سائکل چلاتے دکھائی دے رہے ہیں۔اس ریلی کا اختتام لکھنؤ میں پہنچ کر ہوگا۔