نوئیڈا:ریاست اتر پردیش نوئیڈا کی پولیس کمشنر لکشمی سنگھ نے بتایا کہ نارکوٹکس سیل کے لیے ایک ہیلپ لائن نمبر 0120-4846101 جاری کیا گیا ہے۔ نوئیڈا سمیت پورے این سی آر میں بڑے پیمانے پر منشیات کی سپلائی ہو رہی ہے۔ یہ منشیات یہاں کے اسکولوں، کالجوں، ہوٹلوں، ریستورانوں اور کئی عوامی مقامات پر فروخت ہو رہی ہیں۔ اس منظم گینگ کی کمر توڑنے کے لئے مرکزی حکومت کی طرف سے ایک گائیڈ لائن آئی ہے۔اس کی بنیاد پر ریاستی حکومت نے انسداد منشیات ٹاسک فورس تشکیل دی ہے۔ اب اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس ضلع میں بھی کام کرے گی۔ پون کمار کو اس کا انچارج بنایا گیا ہے۔
60 دنوں میں منشیات کے 79 کیس سامنے آئے:
لکشمی سنگھ نے کہا کہ گزشتہ دو مہینوں میں منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق 79 معاملے درج کئے گئے ہیں اور 92 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے پاس سے بڑے پیمانے پر منشیات برآمد ہوئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع کے لوگ اوپر دیئے گئے نمبروں پر منشیات کی فروخت کے بارے میں معلومات دے سکتے ہیں۔ ان کے بارے میں معلومات کو مکمل طور پر خفیہ رکھا جائے گا۔