سنبھل: ریاست اترپردیش کے سنبھل ضلع کے ببرالا میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے یوم پیدائش کے موقع پر سماج وادی پارٹی کے سابق رکن پارلیمنٹ دھرمیندر یادو نے سابق رکن پارلیمنٹ عتیق احمد کے فرزند اسد احمد اور غلام کے انکاؤنٹر پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قانون اور عدلیہ ہے اس لحاظ سے قصورواروں کو سزا دی جانی چاہیے۔ لیکن اس طرح کے انکاؤنٹر کو درست نہیں قرار دیا جاسکتا۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، رکن پارلیمان شفیق الرحمان اور ڈمپل یادو نے بھی اسد انکاؤنٹر معاملے پر ریاستی حکومت پر شدید نکتہ چینی کی ہے۔
وہیں اب سماج وادی پارٹی کے سابق ایم پی دھرمیندر یادو نے بھی یوگی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سوالات اٹھائے ہیں۔ دھرمیندر یادو نے مزید کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور حکومت میں دلتوں، پسماندہ اور اقلیتوں کا استحصال ہوا رہا ہے۔ سماج وادی پارٹی تمام طبقات کو ساتھ لے کر چل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دلتوں کو ان کے حقوق نہیں ملتے، سماج وادی پارٹی جدوجہد کرتی رہے گی۔ دلتوں کو صرف ووٹ بینک کے طور پر نہ دیکھا جائے سماج وادی پارٹی دلتوں کے لیے کام کر رہی ہے اور ہمیشہ کرتی رہے گی۔