کانپور:وزیر اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کی سابقہ حکومتوں پر نشانہ لگاتے ہوئے منگل کو کانپور میں کہا کہ ریاست کی پچھلی حکومتوں نے کبھی بھی وقت کی قدروقیمت کو نہیں سمجھا، کیونکہ ترقی نہ تو ان کی نیت تھی اور نہ ہی ترجیح تھی۔
کانپور میں میٹرو ریل پروجیکٹ کے پہلے مرحلے کا افتتاح Kanpur Metro Inauguration کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ 'سابقہ حکومتوں نے قیمتی وقت ضائع کیا کیونکہ یوپی کی ترقی ان کی ترجیحات میں شامل نہیں تھی۔
سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو کا نام لیے بغیر انہوں نے الزام لگایا کہ اتر پردیش میں سابقہ حکومتوں نے مافیا کے درخت کو اتنا پھیلا دیا کہ اس کے سائے میں تمام صنعتیں اور کاروبار تباہ ہو گئے۔
مودی نے کہا کہ اب یوگی جی کی حکومت نے لا اینڈ آرڈر کو واپس لایا ہے۔ اسی لیے یوپی میں بھی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے اور مجرم اپنی ضمانت خود منسوخ کرواکر جیل جا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:
وزیر اعظم نے کہا کہ جو لوگ پہلے یہاں حکومت کرتے تھے، انہوں نے کبھی وقت کی قدر نہیں سمجھی، قیمتی وقت ضائع کیا، یوپی کی ترقی ان کی ترجیحات میں شامل نہیں تھی۔ آج ڈبل انجن والی حکومت ماضی میں ہونے والے نقصان کی تلافی کر رہی ہے۔
مودی نے کہا کہ 'ملک کا سب سے طویل ایکسپریس وے یوپی میں بن رہا ہے، یوپی میں ’ڈیڈیکیٹڈ فریٹ کوریڈور‘ بھی بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس ریاست کو پہلے غیر قانونی اسلحہ گینگ کے لیے بدنام کیا جاتا تھا، آج وہاں ملک کی حفاظت کے لیے ہتھیار بنائے جا رہے ہیں۔
اس سے پہلے وزیر اعظم نے کانپور میں میٹرو ریل پروجیکٹ Kanpur Metro Inauguration کے پہلے مرحلے کی سروس کا آغاز کیا۔ اس سیکشن پر مسافر آئی آئی ٹی میٹرو اسٹیشن سے گیتا نگر اسٹیشن تک سفر کرسکیں گے۔ اس موقع پر اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، شہری ترقیات و رہائش کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری اور نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم مودی یوگی اور پوری کے ساتھ میٹرو ریل میں سفر کرکے کانپور میٹرو کے پہلے مسافربھی بن گئے۔ اس موقع پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ آج منگل ہے اور پنکی والے ہنومان جی کے آشیرواد سے اتر پردیش کی ترقی میں ایک اور سنہری باب کا اضافہ ہو رہا ہے۔ آج کانپور کو میٹرو کنیکٹیوٹی مل گئی ہے۔ اس کے علاوہ، کانپور اب بینا ریفائنری سے بھی منسلک ہے۔
یو این آئی۔