فیروز آباد: اترپردیش کے ضلع فیروز پور میں گذشتہ روز کچھ خواتین نے بی جے پی رہنما کی چپلوں سے پٹائی کی ہے۔ خواتین نے بی جے پی لیڈر کے کپڑے بھی پھاڑ دیئے اور ان کے ساتھ کافی بدتمیزی کی گئی۔ اس معاملے میں بی جے پی رہنما کے ایک حامی کی شکایت پر 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ بی جے پی لیڈر کی پٹائی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ حالانکہ ای ٹی وی بھارت اس وائرل ویڈیو کی تصدیق نہیں کرتا ہے۔ پولیس پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
بی جے پی رہنما کی چپل سے پٹائی تفصیلات کے مطابق ٹنڈلا شہر میں سٹیشن روڈ پر واقع سٹی سینٹر کے سامنے یہاں ایک دھرم شالہ ہے۔ کچھ لوگ اس دھرم شالہ پر قبضہ کرنا چاہتے تھے۔ کچھ خواتین اور افراد کی جانب سے اس قبضے کی مخالفت کی جا رہی تھی کہ اسی دوران ایک بی جے پی لیڈر اس معاملے کی جانکاری لینے آئے تھے۔
الزام ہے کہ بی جے پی لیڈر کو دیکھ کر وہاں پہلے سے موجود لوگ مشتعل ہو گئے جن میں خواتین بھی شامل تھیں۔ انہوں نے بی جے پی رہنما کو پکڑ لیا اور چپلوں سے پیٹنا شروع کردیا۔ الزام ہے کہ بی جے پی رہنما کے کپڑے پھاڑنے کے ساتھ گلا دبا کر قتل کرنے کی بھی کوشش بھی کی گئی۔ اسٹیشن روڈ پر زبردست ہنگامہ ہوا۔ اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچی اور کچھ لوگوں کو حراست میں لے لیا۔
مزید پڑھیں: مرکزی وزیر راؤ صاحب دانوے کا بغیر ہیلمیٹ بلٹ چلاتے ہوئے ویڈیو وائرل
اس معاملے میں بی جے پی لیڈر کے حامیوں کی جانب سے دس افراد کے خلاف پولیس اسٹیشن میں مارپیٹ سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تھانہ انچارج ٹنڈلا پردیپ کمار نے کہا ہے کہ دھرم شالہ کی زمین کو لے کر جھگڑا ہوا تھا۔ اس معاملے میں 10 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔