سنبھل: اترپردیش کے سنبھل میں واقع اسمولی تھانہ علاقے کے شہباز پور کلاں گاؤں میں اتوار کی صبح ایک نوجوان ایک نومولود کی لاش کو قبر سے نکال رہا تھا۔ اسی دوران گاؤں کے لوگ وہاں پہنچ گئے۔ گاؤں کے لوگوں نے اس شخص کو پکڑ کر بری طرح پیٹا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اعظم نام کا ملزم جھاڑ پھونک اور تنتر منتر کے لیے نومولود بچے کی لاش کو باہر لے جا رہا تھا۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقعے پر پہنچ گئی اور ملزم نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ ملزم تانترک کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ اس کے بعد اسے جیل بھیج دیا گیا۔
گاؤں شہباز پور کلاں کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی قبروں سے لاشیں چوری ہونے کے واقعات پیش آچکے ہیں۔ اسی لیے اس بار گاؤں کے لوگ لاش چوری کرنے والے شخص کی تلاش میں تھے۔ شہباز پور کلاں گاؤں کے رہنے والے بلال کے بیٹے اختر حسین کی اہلیہ عاصمین نے جمعہ کی رات ایک بچے کو جنم دیا۔ جب نومولود کی طبیعت خراب ہونے لگی تو گھر والے اسے علاج کے لیے گاؤں لے گئے جہاں نومولود وہیں دم توڑ گیا۔ اس نومولود کو ہفتہ کی صبح گاؤں شہباز پور کلاں کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔