نوئیڈا:ریاست اتر پردیش کے نوئیڈا میں جرائم پیشہ افراد کے حوصلے بلند ہیں۔ پولیس اندھیرے میں ہاتھ پیر مار رہی ہے۔ آج بھی ایک لڑکی کی لاش برآمد ہوئی جس کو لے کر گھر والوں نے زبردست احتجاج کیا۔ متوفیہ کے رشتہ داروں اور مقامی لوگوں نے لاش سڑک کے درمیان رکھ کر احتجاج کیا۔ اس مظاہرے کے دوران سڑک پر زبردست جام ہو گیا۔ اطلاع کے بعد موقع پر بھاری فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ کر لڑکی کے اہل خانہ کو سمجھانے کی کوشش کی۔ مہلوکہ کے لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔ یہ معاملہ کوتوالی 63 کے چھجارسی کا ہے۔
پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق لڑکی کا ایک لڑکے کے ساتھ عشق چل رہا تھا۔ لڑکی مشتبہ حالت میں پائی گئی۔ اسے فوراً غازی آباد کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ جہاں علاج کے دوران آج اس کی موت ہو گئی۔ پولیس متوفیہ کے لواحقین سے رابطے میں ہے۔ پولیس اس کے گھر والوں کی شکایت کے بعد تحقیقات کر رہی ہے۔