پریاگ راج: عتیق احمد کے وکیل سے سراغ ملنے کے بعد پولس نے قیمتی زمین کو قرق کرنے کا حکم مانگا ہے۔ ڈی سی پی سٹی دیپک بھوکر کی جانب سے گینگسٹر ایکٹ کے تحت عتیق کے غیر قانونی اثاثوں کو ضبط کرنے کی اجازت کے لیے پولیس کمشنر کو رپورٹ بھیجی گئی ہے۔ پولس کمشنر رامیت شرما کی رپورٹ کی بنیاد پر، جیسے ہی اٹیچمنٹ آرڈر جاری ہوگا، پولس 12 کروڑ سے زیادہ کی اس زمین کو قرق کرنے کی کارروائی کرے گی۔
30 جولائی کو پریاگ راج پولیس نے عتیق احمد کے وکیل وجے مشرا کو گرفتار کیا تھا۔ گرفتار وکیل سے پوچھ گچھ میں حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر پولیس نے عتیق کی 23447 مربع میٹر اراضی کا سراغ لگایا۔ محکمہ ریونیو سے پریاگ راج ہوائی اڈے کی طرف جانے والے راستے کے قریب کٹھولا علاقے میں اس زمین سے متعلق معلومات لینے کے ساتھ ہی اس زمین کو 14 (1) گینگسٹر ایکٹ کے تحت ضبط کرنے کے لیے پولیس کمشنر کو رپورٹ بھیجی گئی ہے۔ ڈی سی پی سٹی کی طرف سے بھیجی گئی رپورٹ کی جانچ کے بعد پولس کمشنر اسے قرق کرنے کا حکم جاری کریں گے، اس کے بعد پولس عتیق کی اس قیمتی زمین کو قرق کرنے کی کارروائی کرے گی۔