نوئیڈا کے فیس 2 تھانہ کے تحت بھنگیل ایلیویٹیڈ سڑک کی تعمیر کے دوران ایک کرین ہائی ٹینشن تار سے ٹکرا گئی جس کی وجہ سے کرین میں موجود مزدور دانش کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ یہ حادثہ پیر کی شام بھنگیل پولیس چوکی کے قریب پیش آیا۔
کرین ہائی ٹینشن تار سے ٹکرائی، ایک مزدور کی موت
نوئیڈا کے بھنگیل میں کرین کے ہائی ٹینشن تار سے ٹکرا جانے کے سبب موجود مزدور دانش کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔
اس ضمن میں فیس 2 کوتوالی انچارج انیتا چوہان نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ریاست بہار کے علاقے پورنیہ کا دانش نامی باشندہ پیر کی شام تعمیراتی کام میں مصروف تھا کہ اس دوران، کرین ہائی ٹینشن لائن سے ٹکرا گئی۔ جس کی وجہ سے دانش کو کرنٹ لگ گیا اور وہ شدید جھلس گیا۔ اسپتال لے جانے سے پہلے ہی اس نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔
ایس ایچ او کے مطابق رات تک اس معاملے میں تحریری شکایت موصول نہیں ہوئی۔ اہل خانہ کو واقعے کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ اتھارٹی کے سی ای او ریتو مہیشوری نے بتایا کہ زیر تعمیر ایلیویٹیڈ سڑک پر کام کرنے والی ایجنسی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ چیف جنرل منیجر اس معاملے کی تحقیقات کریں گے۔ جب کہ کئی زاویوں سے دیگر کاروائی آگے کی جارہی ہے۔