بریلی: اترپردیش کے ضلع بریلی میں واقع بہیڑی تھانہ علاقے میں جمعہ کو پولس کے ایک مبینہ انکاؤنٹر میں گو کشی کا ایک ملزم ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔ اس دوران ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا ہے۔ زخمی سپاہی اور ملزم کو علاج کے لیے بہیڑی کے پرائمری ہیلتھ سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ پولیس ٹیم گئوکشی کی شکایت ملنے پر چھاپہ مارنے کے لیے جب موقع پر پہنچی تو ملزم نے پولیس پر پستول سے فائرنگ کی۔
پولیس کے مطابق جمعرات کو بہیڑی تھانہ علاقہ کے اکھا گاؤں میں گو کشی کا واقعہ سامنے آیا جس کی شکایت ملنے کے بعد پولیس نے جمعہ کو کلیدی منظور احمد سمیت اس کے دیگر چار ساتھیوں کو گرفتار کر لیا۔ اس کے بعد جمعہ کی شام کو بہیڑی تھانے کی پولیس کلیدی ملزم منظور احمد کے ساتھ جائے وقوعہ پر گو کشی کے لیے استعمال ہونے والے اوزار برآمد کرنے اکھا گاؤں کے کھیتوں میں پہنچی۔ جہاں ملزمان نے پہلے سے چھپائی گئی پستول سے پولیس ٹیم پر مبینہ طور پر فائرنگ کردی، جس کی وجہ سے ایک گولی کانسٹیبل روی راج کے ہاتھ میں لگی۔ اس پر پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے منظور احمد کو ٹانگ میں گولی مار دی۔ پولیس نے کانسٹیبل اور ملزم کو فوری طور پر بہیڑی کے پرائمری ہیلتھ سنٹر میں علاج کے لیے داخل کرایا۔