ویکسین کے تیسرے مرحلے کے ٹرائل کے لیے تقریباً 250 سے زیادہ درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ سبھی درخواستوں کو ٹرائل میں شامل کرنے سے قبل پروٹوکول اور آئی سی ایم آر کے ضوابط کے مطابق پرکھا جائے گا۔ ویکسین ٹرائل کے لیے عملہ کو ٹریننگ دینے کے مقصد سے بھارت بائیوٹیک کے ریسورس پرسن جلد اے ایم یو کا دورہ کریں گے۔
کووڈ ویکسین کے ٹرائل کے پرنسپل انویسٹی گیٹر پروفیسر محمد شمیم نے بتایا کہ رجسٹریشن کا عمل اطمینان بخش طریقے سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'کوویکسین' کا ایک تفصیلی پروٹوکول ہے۔ تحریری رضامندی اور دیگر رسمی کارروائی جلد مکمل کی جائے گی۔ پورے ملک کی نظریں جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے اوپر ہیں ہمیں امید ہے کہ ہم امیدوں پر کھرے اتریں گے۔
ایک دس رکنی ٹیم بھی تشکیل کی گئی ہے جو علی گڑھ کے مختلف علاقوں میں جا کر لوگوں کو اس ٹرائل کے بارے میں تفصیلات مہیا کرا رہی ہے اور ان کو ٹرائل کی لیے رضا کار کے طور پر ان کے رجسٹریشن کے لئے بھی کوشش کر رہی ہے۔
پروفیسر شمیم کا کہنا ہے کہ جتنا جلد اس ٹرائل کو مکمل کر لیا جائے گا اتنی ہی جلد بازاروں میں ویکسین آجائے گی۔ ہمیں امید ہے فروری تک یہ ویکسین بازاروں میں آ جائے گی اگر جلد ٹرائل مکمل کر لیا گیا۔