سماجوادی پارٹی کے قومی ترجمان عمیق جامعی نے کہا کہ گنگا ندی کی ریت میں ہمارے ملک کے لوگوں کی لاشیں دفن ہیں۔ بارش کے بعد پردے ہٹے تو ملک و بیرون ممالک میں مودی اور یوگی کی بدنامی ہونے لگی اور عوام کا غصہ سرکار کے خلاف بڑھنے لگا۔
ایسے وقت میں سرکار نے ایک بد تمیز اور نالائق ایس ڈی ایم کے ذریعہ مسجد منہدم کروادی جبکہ بارہ بنکی میں واقع مسجد سو سالہ قدیم ہے اور سنی وقف بورڈ میں درج ہے۔
'بارہ بنکی کی مسجد کو شہید کرنے والے افسرکوعدالت سزا دے' عمیق جامعی نے کہا کہ ایس ڈی ایم کو اپنے گھر کے سامنے مسجد ناگوار گزر رہی تھی لہذا انہوں نے اپنی طاقت کا غلط استعمال کرتے ہوئے تاریخی مسجد کو منہدم کروانے کا کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عدالت کے حکم کی خلاف ورزی ہے۔
سماج وادی پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ مسجد دوبارہ تعمیر ہو، ساتھ ہی اس بدتمیز ایس ڈی ایم کو عدالت کے ذریعے سزا ہو تاکہ اس قسم کے دوسرے افسران کوئی غیر قانونی کام نہ کریں۔
اتر پردیش کے ضلع اناؤ میں کچھ روز پہلے ایک مسلم نوجوان کی پولیس تشدد سے موت ہو گئی تھی، اس پر سماجوادی پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ مودی اور یوگی انتخابات کے لئے ریلیاں کر رہے ہیں لیکن سماج کے غریب طبقے کے لئے کچھ بھی نہیں کر رہے۔ عمیق جامعی نے کہا کہ سماجوادی پارٹی نے یوگی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ دیہاڑی مزدور، پٹری دکاندار، سبزی فروش اور دوسرے غریبوں کے لیے لاک ڈاؤن میں چھہ ہزار روپے ماہانہ خرچ کے لئے دیں لیکن سرکار نے اس جانب کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ جو غریب ہیں، انہیں روزگار کے مواقع فراہم نہیں ہیں لہذا مجبوری میں سبزی یا دوسرے کام کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ یہی وجہ تھی کہ بانگرمؤ کا مسلم نوجوان سبزی فروخت کر کے پریوار کے لئے کھانے پینے کا انتظام کر رہا تھا۔ لیکن پولیس نے اس کے ساتھ زیادتی کی اور موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ صرف کانسٹیبل پر کاروائی نہ ہو بلکہ وہاں کے افسران پر بھی سخت کارروائی یقینی بنایا جائے۔
عمیق جامعی نے کہا کہ ملک میں مسلمانوں کے لئے نفرت پھیلائی جا رہی ہے، جس میں آر ایس ایس اور بھاجپا نے بہت کام کیا ہے۔