لکھنؤ: این آئی اے / اے ٹی ایس کے خصوصی جج وویکانند شرن ترپاٹھی نے گورکھ ناتھ مندر کی حفاظت میں تعینات پی اے سی کے جوانوں پر حملے اور دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے معاملے میں ملزم احمد مرتضیٰ عباسی کو موت کی سزا سنائی ہے۔
واضح رہے کہ کہ 27 جنوری کو این آئی اے/اے ٹی ایس کی خصوصی عدالت نے گورکھ ناتھ مندر کی حفاظت میں تعینات پی اے سی جوانوں پر حملے کے معاملے میں ملزم احمد مرتضیٰ عباسی کو مجرم قرار دیا تھا۔ خصوصی جج وویکانند شرن ترپاٹھی نے سزا پر سماعت کے لیے 30 تاریخ مقرر کی تھی۔
4 اپریل 2022 کو اس معاملے کی رپورٹ ونے کمار مشرا نے گورکھ ناتھ پولیس اسٹیشن میں درج کرائی تھی۔ ان کے مطابق گورکھ ناتھ مندر کی حفاظت پر تعینات پی اے سی جوان انیل کمار پاسوان کو ملزم احمد مرتضیٰ عباسی نے اچانک حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا۔ اس کا ہتھیار بھی چھیننے کی کوشش کی۔ اس کی رائفل سڑک پر گر گئی تھی۔ جب دوسرا سپاہی اسے بچانے آیا تو اسے بھی مارنے کی نیت سے دھاردار ہتھیار سے حملہ کیا گیا۔