ڈسٹرکٹ جج انچارج انوتوش شرما نے پیر کو اومکتیشورا نند کی جانب سے داخل کی گئی عرضی پر سماعت کی اور اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا۔ پاسکو کورٹ کے اسپیشل ڈسٹرکٹ جج اجے کرشنا آج چھٹی پر تھے۔ انچارج جج نے اومکتیشورا نند کے وکیل رامیش اپادھیائے کو سننے کے بعد اپنا فیصلہ محفوظ کرلیا۔ اپادھیائے نے اپنی عرضی میں 'بھگوان بھوکے' ہیں، کا حوالہ دیتے ہوئے عرضی کی ایمرجنسی سماعت کی اپیل کی تھی۔
عرضی گذار کی جانب اپادھیائے نے بحث کی کہ آدی وشوویشرا (حوض کے اندر مبینہ شیولنگ) کے ساتھ نندی بھی بغیر کسی 'راگ یا بھوگ' کے بیٹھے تھے۔ دھرم شاشتر یا مذہبی عبارات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے دعوی کیا کہ نندی بھگوان وشنو کا اوتار ہے اور وہ بھی آدی وشویشرا (حوض کے اندر مبینہ شیولنگ) کے ساتھ ورت رکھے ہوئے تھے۔ اپادھیائے نے عدالت کے سامنے بھویشویہ پران اور گروڑ پران کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ اگر عرضی گذار کو پوجا اور بھوگ کی اجازت نہیں دی جاتی ہے تو عدالت کو اس کا اپنی جانب سے انتظام کردینا چاہیے۔ کیس میں یوپی حکومت اور مقامی پولیس انتظامیہ کو پارٹی بنایا گیا ہے۔