لکھنؤ: لکھنؤ کی این آئی اے عدالت کے خصوصی جج وویکانند شرن ترپاٹھی نے بھوپال اجین پسنجر ٹرین دھماکہ کیس میں محمد فیصل، آصف اقبال عرف راقی، سید میر حسین، محمد دانش، عاطف مظفر، محمد اظہر، غوث محمد خان اور عاطف عرف عاطف ایرانی کو مجرم قرار دیا ہے۔ عدالت نے ان تمام افراد کے سزا دینے کے معاملے پر سماعت کے لیے 27 فروری کی تاریخ مقرر کی ہے۔ جمعہ کو تمام ملزمین کو تقریباً ایک بجے عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ان سب کو مجرم قرار دیا۔ عدالت نے کہا کہ تمام ملزمین کو 27 فروری کو پیش کیا جائے، اس دن ملزمین کے سزا سے متعلق سوال پر سماعت کی جائے گی۔
اس معاملے کی رپورٹ اے ٹی ایس کے ڈپٹی ایس پی منیش چندر سونکر نے 8 مارچ 2017 کو اے ٹی ایس اسٹیشن میں درج کرائی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ اطلاعات موصول ہو رہی تھی کہ آئی ایس آئی ایس انٹرنیٹ پر مسلسل شدت پسندی کے واقعات کا ویڈیو اپلوڈ کرکے مسلم نوجوانوں کو اپنی تنظیم سے جوڑنے اور شدت پسندی کے واقعات کو انجام دینے کی کوشش کررہا ہے۔ کہا گیا کہ 7 مارچ کو معلوم ہوا کہ مذکورہ تنظیم کے ارکان محمد فیصل، دانش اختر، عاطف مظفر، سیف اللہ اور اظہر نے مدھیہ پردیش کے شاجاپور میں ٹرین میں بلاسٹ کرایا تھا، اس جانکاری پر پولیس نے فیصل کو کانپور سے گرفتار کیا تھا ساتھ ہی تصادم میں دیگر ملزمین کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔