قومی دارالحکومت دہلی سے ڈاکٹرز کی پانچ رکنی ٹیم بہرائچ پہنچ گئی ہے جو کورونا وائرس کے قہر سے بچاؤ کے لئے ضلع بہرائچ کے میڈیکل کالجز میں کی جانے والی تیاریوں کا جائزہ لے رہی ہے۔ اور ان میں پائی جانے والی کمیوں کو دور کرنے کی ہدایت بھی دے رہی ہے۔
سی ایم او سریش سنگھ نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'بہرائچ چونکہ نیپال کا سرحدی علاقہ ہونے کے سبب کورونا جراثیم پھیلنے کے خدشہ کے مدنظر ایک ڈاکٹرز کی تفتیشی ٹیم دہلی سے بہرائچ پہنچ گئی ہے۔'
ڈاکٹرز کی ٹیم دیر شام بہرائچ میڈیکل کالج پہنچتے ہی کورونا سے متعلق مکمل تیاریوں کا جائزہ لیا اور وارڈ کا معائنہ کیا۔ معائنہ کے دوران تفتیشی ٹیم کو کورونا وارڈ سے متعلق تیاریوں میں جو خامیاں نظر آئیں اسے دور کرنے کی ہدایت سی ایم او اور سی ایم ایس بہرائچ کو دی اور کوتاہیوں کو دور کرنے کی ہدایت بھی دی۔
ڈاکٹر انیس اور ڈاکٹر پنکج جو تحقیقاتی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ 'خطرناک وائرس کے پھیلنے کے پیش نظر وارڈز میں کچھ خامیاں ہیں جو معیار کے مطابق نہیں ہے۔'