ریاست اترپردیش کے ضلع چترکوٹ میں روشنی کے تیوہار کے موقع پر ہر برس لگنے والے معروف گدھا میلہ پر کورونا وبا کا اثر واضح طور پر نظر آ رہا ہے۔
پیرانک نگری میں ہر سال لگنے والے دیوالی میلے میں جہاں مذہب اور روحانیت سے متعلق سرگرمیوں کا بول بالا رہتا ہے وہیں دوسری جانب اس موقع پر لگنے والا گدھا میلہ بھی عوام کے لیے باعث تجسس ہوتا ہے۔
کئی ریاستوں سے ہزاروں کی تعداد میں آئے مختلف نسلوں کے گدھوں کی خرید و فروخت کے بڑے مرکز کے بطور معروف اس میلے میں مختلف قد کے گدھوں کو دیکھنے کے لیے بھی عوام کی کافی بھیڑ ہوتی ہے۔ حالانکہ اس بار گدھے کی تجارت میں کورونا وبا کا اثر دکھائی پڑا۔
منداکنی ندی کے کنارے لگنے والے گدھے کے میلے میں اس بار تقریباً 5000 گدھے آئے جبکہ گذشتہ 12000 گدھے یکجا ہوئے تھے۔ کئی نسلوں کے ان گدھوں کی قیمت 8000 ہزار سے لے کر ایک لاکھ روپیے تک تھی۔ گذشتہ برس سب سے مہنگا گدھا سوا لاکھ روپیے کا فروخت ہوا تھا۔