اترپردیش حکومت کی حالیہ قرارداد کے مطابق وقف کی جائیداد پر اب عمارت یا کاروباری مرکز تعمیر کرانے کے لیے بریلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے علاوہ بریلی میونسپل کارپوریشن سے این او سی کی شکل میں تحریری اجازت لینی ہوگی۔
دیگر زمین و جائیداد کی طرح ہی تعمیری کام کے لیے بریلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی یعنی بی ڈی اے اور بریلی میونسپل کارپوریشن یعنی بی ایم سی سے اجازت حاصل کرنا ضروری ہوگیا ہے۔
اس کے علاوہ ان اداروں کو تعمیری کام کی این او سی کے ساتھ کام مکمل ہونے تک معیارات بھی پورے کرنے ہوں گے۔
اطلاعات کے مطابق اب تک وقف بورڈ کی جائیداد پر تعمیری کام کے لیے کسی بھی طرح کی این او سی لینے کی ضرورت نہیں ہوتی تھی، سنہ 1994ء میں جاری حکومت کے ایک حکم نامہ کے تحت صرف سنی اور شیعہ سینٹرل وقف بورڈ کی اجازت کے بعد بی ڈی اے، بی ایم سی یا علاقائی بلدیہ کی این او سی کی ضرورت نہیں ہوتی تھی۔