آل انڈیا غیر منظم ورکرز کانگریس کمیٹی (All India Unorganized Workers Congress Committee) کے نو منتخب ریاستی سیکریٹری جاوید خان نے نوئیڈا دفتر پر قومی صدر اروند سنگھ اور آل انڈیا غیر منظم کارکنان کے علاقائی کوآرڈینیٹر مکیش ڈاگر کا نوئیڈا پہنچنے پر شاندار استقبال کیا۔ پروگرام کی نظامت پی سی سی ممبر پرمود شرما نے کی۔
'کانگریس ریہڑی، پٹری والوں کی ہر ممکن مدد کرے گی' اس موقع پر قومی صدر اروند سنگھ نے تمام عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا اور غریبوں، مظلوموں اور دبے کچلے لوگوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے کہا کہ نوئیڈا میں سڑکوں پر ٹھیلے، کھوکھے اور ریہڑی والوں کی مدد کے لیے ہی کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے یہ تنظیم بنائی ہے۔
اے آئی سی سی ممبر دنیش اوانہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف وہ پوری طاقت سے کھڑے رہیں گے۔ اس بار 2022 کے الیکشن میں کسی بھی باہری شخص کی انٹری کی شدید مخالفت کریں گے اور وہ پرینکا گاندھی کے ہاتھ مضبوط کرنے کا کام کریں گے۔
نو منتخب ریاستی سیکریٹری جاوید خان نے کہا غیر منظم سیکٹر میں کام کرنے والے لوگوں کی آواز بن کر وہ ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور ریہڑی پٹری والوں کی ہر ممکن مدد کریں گے۔