سیتا پور: جمعرات کو سیتا پور جیل میں اعظم خان سے ملنے آئے کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے کو خالی ہاتھ واپس جانا پڑا۔ جیل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ اعظم خان نے صرف اپنے اہل خانہ سے ملنے کے لیے کہا تھا، جب کہ اجے رائے نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے کہنے پر انھیں ملنے نہیں دیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب جیل سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ ملاقات کے حوالے سے کانگریس کی جانب سے کوئی میل یا خط موصول نہیں ہوا ہے۔ اجے رائے کی جیل انتظامیہ سے کافی دیر تک بحث ہوتی رہی لیکن انہیں اعظم سے ملنے نہیں دیا گیا۔
آپ کو بتا دیں کہ فرضی برتھ سرٹیفکیٹ کیس میں ایس پی لیڈر اعظم خان، ان کی اہلیہ تنظیم فاطمہ اور بیٹے عبداللہ اعظم کو 7-7 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ سزا کے بعد سبھی کو سیتا پور جیل لایا گیا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے کی اعظم خان سے ملاقات نہ کرنے پر کارکنوں میں غصہ تھا۔
کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے نے کہا کہ اعظم کو یوگی حکومت دشمنی کی وجہ سے ٹارچر کر رہی ہے۔ اس کے خلاف وہ اعظم کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کانگریس کے ریاستی صدر نے الزام لگایا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ سریش سنگھ سے بات کی گئی لیکن بغیر کسی وجہ کے ملاقات سے انکار کر دیا گیا۔ اس سے ناراض کانگریسی کارکنوں نے حکومت اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔