یوپی کے بجٹ میں خواتین کو بااختیار بنانے کا دعوی کھوکھلا: کانگریس
اترپردیش حکومت نے مالی سال 2021-22 کے لئے 5 لاکھ 50 ہزار کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا ہے۔ بجٹ میں یوگی حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد اسکیموں کا اعلان کیا ہے۔ اس پر کانگریس کی رہنما رفعت فاطمہ نے کہا ہے کہ 'یہ بجٹ صرف دکھاوے کے لیے ہے۔ اس میں خواتین کی تعلیم اور ان کے تحفظ کے لیے کوئی پختہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔'
یوگی حکومت نے 22 فروری کو اپنا پانچواں و آخری بجٹ پیش کیا ہے۔ مالی سال 2021-22 کے لئے 5 لاکھ 50 ہزار کروڑ روپے کا بجٹ پیش کرتے ہوئے یوگی حکومت نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد اسکیموں کا اعلان کیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کانگریس کی رہنما رفعت فاطمہ نے کہا کہ 'بجٹ میں ترقی کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا گیا ہے۔ سرکار خواتین کو بااختیار بنانے کا دعوی کر رہی ہے، لیکن زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ ایک طرف جہاں خواتین کو بااختیار بنانے کا دعوی ہو رہا ہے وہیں، دوسری جانب رسوئی گیس کی قیمت میں مسلسل اضافہ کیا جارہا ہے۔ اس سے سبھی کے گھروں کا بجٹ بگڑتا جا رہا ہے۔'