مسلمانوں سے ٹرینوں اور بسوں میں سفر کرنے سے گریز کرنے کی اپیل غیر مناسب: شاہنواز عالم لکھنؤ:کانگریس کے رہنما شاہنواز عالم نے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کا مقصد مسلمانوں کو عوامی مقامات سے بے دخل کرنا ہے۔ اس مقصد کے تحت ایسی اپیل کرائی جارہی ہیں تاکہ مسلمان عوامی مقامات سے دور رہیں۔ عدلیہ سے ایسے فیصلے آرہے ہیں جس کی وجہ سے مسلمانوں کا عدلیہ پر سے اعتماد اٹھتا ہے اور وہ اپنے خلاف ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف قانونی لڑائی نہیں لڑتے۔
کانگریس کے رہنما نے کہاکہ اسی طرح مسلمانوں کو انتظامیہ اور میڈیا سے دور رہنے پر مجبور کرنے کے لیے میڈیا اور انتظامیہ کو بھی فرقہ پرست بنایا گیا ہے۔ اگر مسلمان خود خوف کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ سے دور رہتے ہیں تو اس سے مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری بنانے کے بی جے پی کے ایجنڈے کو تقویت ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ذہنیت اتنی خطرناک ہے کہ کل مسلمانوں میں یہ سوچ پیدا ہو سکتی ہے کہ فرقہ وارانہ ماحول کی وجہ سے کوئی بھی مسلمانوں کو ووٹ نہیں دے گا، اس لیے ہمیں انتخابات میں ٹکٹ نہیں مانگنا چاہیے بلکہ صرف ووٹر بن کر رہنا چاہیے۔ اس سے آر ایس ایس کے مسلم فری پارلیمنٹ اور قانون ساز اسمبلی کی تکمیل ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:گیان واپی مسجد تنازعہ: سپریم کورٹ نے سیل کیے گئے وضو خانے کو صاف کرنے کی اجازت دی
شاہنواز عالم نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مسلمان اپنے آئینی حقوق پر مضبوطی سے قائم رہیں اور مظلوم ذہنیت سے باہر نکلیں۔ مسلمانوں سمجھنا ہوگا کہ سیاست کو سنجیدگی سے نہ لینے کا خمیازہ انہیں بھگتنا پڑ رہا ہے۔