فرخ آباد: کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا کہ اگر کچھ لوگ دہشت گردی کا سہارا لیتے ہیں تو ملک کی شناخت پر سوالیہ نشان لگ جاتا ہے، کانگریس کا دہشت گردی سے سمجھوتہ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران، سلمان خورشید نے اپنے آبائی ضلع اور پارلیمانی حلقہ فرخ آباد علاقے میں بھوجپور اسمبلی کے لودھی اکثریتی گاؤں چوکیہ، مجھگاما، رشید پور، نوادہ، پٹیوجا، عیسی پور وغیرہ میں ریاستی جنرل سکریٹری پرکاش پردھان کی قیادت میں منعقدہ چوپال اور سمواد پروگراموں میں حصہ لینے کے بعد گذشتہ روز فرخ آباد سٹی ٹاؤن ہال میں واقع 2 اکتوبر کو گاندھی جینتی کے موقع پر گاندھی جی کے مجسمہ اور سادگی کی علامت لال بہادر شاستری کے فوٹو پر گلہائے عقیدت نذر کرکے ان کی ترغیبات پر عمل کرنے کی اپیل کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کسی بھی خاتون کے ساتھ کوئی بھی واقعہ پیش آئے تو ہم پوری ہمدردی کے ساتھ اس کے ساتھ ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس واقعہ کی پوری حقیقت ملک کے سامنے آ جائے۔ سلمان خورشید کا ماننا ہے کہ اگر ہم ہر بات پر بولیں گے تو یہ کہا جائے گا کہ ہم متعصب ہیں اور اپنی پارٹی کے لیے بول رہے ہیں۔