کانگریس کے ضلع صدر کی سربراہی میں ایک وفد آج ضلع کلیکٹریٹ پہنچا۔ یہاں انہوں نے حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ، 'حکومت کورونا وائرس کی وبا میں کاروبار کی تباہی کے پیش نظر عام لوگوں کو سہولیات فراہم کرائے۔'
کانگریس کمیٹی کے ضلع صدر اشفاق ثقلینی بریلی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر پہنچے اور اُنہوں نے گورنر کو خطاب ایک میمورنڈم اعلیٰ افسران کے سپرد کیا۔
جس میں انہوں نے کہا کہ، 'گذشتہ چار مہینوں سے عالمی سطح پر وباء کووڈ 19 کی وجہ سے روزگار بری طرح متاثر ہوا ہے۔ متوسط طبقہ کے لاکھوں نوجوان بے روزگار ہوچکے ہیں۔
حکومت ان بے روزگاروں کو روزگار فراہم کرنے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی ہے۔ متوسط طبقے کے والدین معاشی طور پر اس قدر پسماندہ ہیں کہ وہ اپنے بچوں کو فیس جمع کرنے سے بھی قاصر ہیں۔
یوپی بورڈ، سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای بورڈ کے پیشِ نظر اترپردیش حکومت کو ٹھوس پالیسی بنا کر کم از کم چار ماہ کی فیس معاف کرنی چاہئے۔
ایسے بھی واقعات پیش آ رہے ہیں کہ کسی بورڈ سے منسلک اور غیر منسلک اسکولوں کے انتظامیہ نے اسکول میں کام کرنے والے پرائیویٹ ملازمین اور پڑائیویٹ ٹیچرس کی تنخواہ نہیں دی ہے۔