رامپور:اترپردیش میں آئندہ ماہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ضلع رامپور میں کانگریس کمیٹی کی جانب سے ایک خصوصی میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں کانگریس امیدواروں کی کامیابی کے لیے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی امیدواری کے دعویداروں میں کانگریس کی جانب سے تیار کردہ فارم بھی تقسیم کیے گئے۔
اس موقع پر رامپور شہر کے سابق ممبر اسمبلی افروز علی خاں نے کہا کہ 'کانگریس وہ پارٹی ہے جس نے اس ملک کو انگریزوں حکومت سے آزاد کرایا، لیکن بدقسمتی سے آج ملک کی حکومت ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں ہے، جنہوں نے ملک کو ذات اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کر دیا ہے۔ تقسیم اور نفرت کی اس سیاست سے ملک کا کافی نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'دیر سویر لوگوں کو یہ بات ضرور سمجھ آئے گی کہ کانگریس ہی ملک کے لیے بہترین پارٹی ہے۔
وہیں کانگریس کے ضلع صدر دھرمیندر دیو گپتا نے کہا کہ ضلع کی میونسپلٹیز میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے۔ موجودہ میونسپل بورڈ کے چیئرمین عوام کے درمیان کبھی نہیں آتے ہیں۔ کانگریس کے امیدواروں کے سوال پر دھرمیندر دیو گپتا نے کہا کہ فی الحال ابھی ہم امیدواری کے مضبوط دعویداروں کی نشاندہی کر رہے ہیں۔