غازی آباد: ریاست اترپردیس کے غازی آباد کے قصبہ ڈاسنہ علاقے میں ایجوکیٹرز میٹ کا انعقاد کیا گیا۔ اس پروگرام میں شریک بیشتر مقررین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ تعلیم کے معیار کو بہتر کرنے کی سخت ضرورت ہے۔اگر ہم نے صحیح وقت پر درست تبدیلیاں نہ کیں تو بہت دیر ہو جائے گی۔کیونکہ موجودہ دَور مقابلہ آرائی کا ہے۔ آج ہمیں ہر شعبے میں ایک سے زائد مقابل نظرآرہے ہیں۔ ہمیں کامیابی حاصل کرنے کے لئے ان سے انہی کے طرز پر مقابلہ کرنا ہوگا۔ ایک طرف W.N. Kids Care کی مینٹور ہما کوثر نے سکول کا تعارف کرایا اور سکولوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ تعلیم کی اہمیت پر زور دیا تو دوسری طرف علیشا میڈم نے اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کے اس ترقیاتی دور میں بھی روز بہ روز نئی نئی ایجادات ہورہی ہیں۔ آئے دن ایک سے بڑھ کر ایک سہولیات کی چیزیں دستیاب ہورہی ہیں۔ لیکن تعلیم کا نہ کوئی Substitute متبادل آج تک پیدا ہوا اور نہ ہی مستقبل میں پیدا ہوگا۔ اس لیے ہمیں دین و دنیا کی ترقی و کامیابی کے حصول کے لیے تعلیم حاصل کرنا ہی ہوگا۔ تعلیم انسان کا بیش قیمت زیور ہے۔ تعلیم انسان کو صحیح معنوں میں انسان بناتی ہے۔ تعلیم ہی اندھیری راہوں کو روشن کرتی ہے۔ علم نے ہی انسانیت کو اس کا مقام عطا کیا ہے۔ انسان کو شرف و منزلت تعلیم نے ہی بخشا ہے۔ تعلیم نے بدترین خلائق کو بہترین خلائق بنایا۔ چنانچہ انسان کو اپنے مقصد کے حصول کے لیے تعلیم و تربیت حاصل کرنا انتہائی لازمی و ضروری ہے۔