لکھنؤ:مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے کہاکہ قرآن مجید نے شہید کی ابدی زندگی کا اعلان کیاہے۔ کہاہے کہ وہ اپنے رب کے پاس سے رزق پاتے ہیں، اس لئے شہید کو مردہ تصور کرنا قرآنی تعبیر کے خلاف ہے ۔ مولانا نے کہاکہ جنرل سلیمانی نے داعش اور استعماری طاقتوں کو شکست دی تھی۔ اسی بناپر امریکہ نے بزدلانہ حملے میں انہیں شہید کردیا تھا۔ ان کے کارناموں میں ایک عظیم کارنامہ خطے میں مقاومتی اور مزاحمتی محاذ کا احیاء ہے جس نے استعماری طاقتوں کو شکست فاش دی۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے کہاکہ آج فلسطین،یمن ،لبنان ،عراق اور شام میں جو مقاومتی محاذ استعماری اور استکباری طاقتوں سے لوہا لے رہاہے ، ان کے قیام کی حکمت عملی اور منصوبہ سازی میں شہید قاسم سلیمانی کا اہم کردار تھا ۔اس مقاومتی محاذ نے آج دنیا کی بظاہر سب سے بڑی طاقت کو شکست دی ہے اور اسرائیل نابودی کی طرف گامزن ہے۔
مولانا نے کہاکہ جنگ جذبات سے نہیں جیتی جاتی بلکہ جذبے سے فتح ملتی ہے ،اس لئے جب بھی مقاومتی محاذ کی طرف سے کوئی اقدام ہوتو سمجھ لیجیے کہ اس میں جذبات کارفرما نہیں ہیں بلکہ جذبے کی بنیاد پر فیصلہ لیاگیاہے ۔اس فیصلے کے پیچھے کوئی نا کوئی حکمت ضرور پوشیدہ ہوتی ہے جسے ہر کوئی نہیں سمجھ سکتا۔