ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں لوک سبھا کی خالی نشست کے لئے ضمنی انتخاب کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی سبزی اور پھل منڈی کے بیوپاریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ 23 جون کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے لئے الیکشن افسر اور ضلع انتظامیہ نے 2 جون سے 30 تک منڈی کی دوکانوں کو خالی رکھنے کے احکامات دیے ہیں۔ ملک کے پانچ ریاستوں میں چند ماہ قبل ہوئے اسمبلی انتخابات کے بعد اب پارلیمنٹ کی خالی ہوئی نشستوں کو پر کرنے کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے ضمنی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہو چکا ہے۔ سماجوادی رہنماء اعظم خاں کے رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد رامپور کی خالی ہوئی پارلیمانی نشست کے لئے 23 جون کو ووٹ ڈالے جائینگے۔
ضلع انتظامیہ اور الیکشن آفیسر ضلع کے تمام افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد انتخاب کو پرامن مکمل کرانے کے لئے ہدایات جاری کی ہیں۔ وہیں ہر مرتبہ کی طرح رامپور کی پھول اور سبزی منڈی کو بھی خالی کرانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ جس میں کہا گیا ہے کہ 2 جون سے لیکر 30 جون تک منڈی کو مکمل طور پر خالی رکھا جائے اور منڈی کے تمام بیوپاری اپنی آڑھتیں منڈی کے باہر لگائیں۔ اس بات سے منڈی کے بیوپاریوں میں کافی تشویش ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ابھی تین ماہ قبل اسمبلی انتخابات منعقد تھے اس دوران ایک ماہ تک ان کا کاروبار کافی متاثر رہا، اور دوبارہ انتخاب کی تاریخ کا اعلان کے ساتھ ہی منڈی کو خالی کرائے جانے کی ہدایت جاری ہو گئی ہے۔