قومی دارالحکومت دہلی سے ریاست اترپردیش کے صنعتی شہر نوئیڈا میں ریاستی حکومت کی جانب سے تین برس مکمل ہونے پر وزیرصحت جے پرتاپ سنگھ نے پریس کانفرنس کے ذریعے حکومت کی جانب سے کی جانے والی حصولیابیوں اور کامیابیوں کو گنوایا۔
واضح رہے کہ کسی بھی حکومت کی کامیابی، ناکامی کا دارومدار عوام کے معیار زندگی پر ہوتا ہے، اگر عوام بحیثت مجموعی حکومتی اقدامات سے خوش ہیں، تو حکومت کامیاب ہے اور اگر عوام حکومتی اقدامات سے نالاں ہیں اور حکومتی اقدامات حکومت کی ناکامی کا باعث ہیں۔
وزیرصحت نے اترپردیش حکومت کی کامیابیوں کے پل باندھے حالانکہ اترپردیش میں عوام کے کیا حالات ہیں یہ بات کسی سے پوشیدہ نہیں، اس کا احتساب تو عوام کریں گے، لیکن آج کلکٹریٹ آڈیٹوریم نوئیڈا میں ریاستی حکومت کے تین برس مکمل ہونے پر ضلع کے انچارج اور اترپردیش حکومت کے وزیر صحت جے پرتاپ سنگھ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومتی حصولیابیوں اور کامیابیوں کے حوالے سے 46 نکات پیش کیے اور حکومت کی کامیابیوں کے قصیدے پڑھے۔
انہوں نے ایک بک لیٹ تقسیم کی، جس میں یوگی حکومت کے کاموں اور پالیسیز کی تعریف ہے۔
جے پرتاپ سنگھ نے کہا کہ 19 مارچ سنہ 2017 کو عوام نے انہیں منتخب کیا، اس وقت سے اب تک ہم نے جس عزم کا اظہار کیا تھا اس کو تو پورا کیا ہی ساتھ ہی گذشتہ کئی برسوں سے ماضی کی حکومتوں کی ناقص پالیسیز کو بھی درست کیا، جس سے ریاست کامیابی کی منزل کی جانب چل پڑی۔
نوئیڈا کلکٹریٹ آڈیٹوریم میں اترپردیش حکومت کے تین برس مکمل ہونے پر ضلع انچارج اور اترپردیش حکومت کے وزیر صحت نے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا انہوں نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی کامیابی یہ رہی کہ سنہ 2014/15 میں جہاں فی کس آمدنی 42267 روپے تھی جس میں ہم نے اضافہ کرکے آج ستر ہزار 419 روپیہ کردیا۔
انہوں نے کہا کہ 'پردھان منتری اجولا اسکیم' کے تحت ریاست میں ایک کروڑ 37 لاکھ مفت گیس کنکشن دیے گئے، اور ساتھ ہی گنّا کاشت کاروں کو 92 ہزار 251 کروڑ روپے کی ریکارڈ ادائیگی کی۔
انہوں نے کہا کہ لکھنؤ اور گوتم بدھ نگر میں کمشنری سسٹم لاگو کیا گیا، 'پردھان منتری رہائشی اسکیم' کے تحت 13 لاکھ 75 ہزار رہائش کی تعمیر اور 'سکول چلو مہم' کے تحت چار کروڑ 71 لاکھ بچوں کا رجسٹریشن کیا گیا۔
اس موقع پر منعقدہ پریس کانفرنس میں نوئیڈا کے رکن اسمبلی پنکج سنگھ، رکن اسمبلی جیور دھریندر سنگھ، رکن اسمبلی دادری تیجپال ناگر، رکن پارلیمنٹ کے نمائندے سنجے والی، چیف ڈیویلپمنٹ آفیسر انیل کمار سنگھ اور دیگر متعلقہ عہدیدار موجود تھے۔