لکھنو: آج دسویں محرم الحرام یعنی یوم عاشورہ کو لکھنؤ کے وکٹوریا اسٹریٹ سے تاریخی جلوس نکالا گیا یہ جلوس ناظم علی کے امام باڑے سے شروع ہوا اور کربلا تال کٹورے کی جانب گامزن رہا۔ جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں انجمنیں نوحہ خوانی کرتے ہوئے ماتم و سینہ زنی گریا و زاری کرتے ہوئے امام حسینؓ کی یاد میں علم اور تعزیہ لیے ہوئے کربلا تال کٹورہ قطار در قطار پہونچ ر ہے ہیں۔ جلوس میں شامل معروف عالم دین مولانا کلب جواد و ہندو مذہب کے رہنما سوامی سارنگ سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگ شامل ہوئے۔
اس موقع پر معروف عالم دین مولانا کلب جواد نے ای ٹی وی بھارت سے خاص بات چیت میں کہا کہ یوم عاشورہ کو پوری دنیا میں حضرت امام حسینؓ کو یاد کیا جا رہا ہے واقعہ کربلا تاریخ کا وہ غمناک واقعہ ہے جسے یاد کر ہر انسان اشکبار ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کے میدان میں تین دن کے بھوکے پیاسے رسول اللہ کے نواسے حضرت امام حسینؓ اور ان کے 72 جانثار ساتھیوں کو شہید کر دیا گیا، یہ ظلم کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں ہزاروں جنگیں ہوئیں، پہلی جنگ عظیم، دوسری جنگ عظیم جس میں کروڑوں لوگ ہلاک ہوئے لیکن ان کا غم منانے والا کوئی نہیں ہے اس کے علاوہ کئی مذہبی رہنما شہید ہوتے ہیں تو انہی کے مذہب کے لوگ ان کے غم کو ان کی یاد کو مناتے ہیں لیکن امام حسینؓ کی شہادت نہ صرف مسلمان اور شیعہ بلکہ تمام مذاہب اور مکتب فکر کے لوگ ذکر حسین کرتے ہیں اور ان کے پیغام کو یاد کرتے ہیں۔