مہوبہ: اترپردیش کے ضلع مہوبہ کے شری نگر علاقے میں منگل کو مورتیوں کے وسرجن جلوس میں رنگ غلال پھینکے جانے پر دو فریقین میں تنازع پیدا ہونے کے بعد جھڑپ ہوئی۔ اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ستیم نے بتایا کہ نو روزہ درگا پوجا تقریب کے اختتام پر شری نگر قصبے میں مورتیوں کے وسرجن کے لئے شوبھا یاترا نکالی جارہی تھی۔ جس میں شامل افراد رنگ غلال اڑاتے ہوئے جشن منا رہے تھے۔ الزام ہے کہ بازار سے گزرتے وقت شوبھا یاترا میں شامل شرپسند عناصر نے بھورے سودا گر کی دوکان میں غلال پھینکا جو دوکان میں موجود خواتین پر گرا۔ اس بات پر دوکاندار اور جلوس میں شامل لوگوں کے درمیان تنازع ہوگیا۔ معاملے کے طول پکڑنے پر دونوں فریقین میں مارپیٹ بھی ہوئی۔
اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ستیم نے بتایا کہ واقعہ کی جانکاری ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ جھگڑے کو ختم کرتے ہوئے جلوس کو آگے بڑھانے کی کوشش کی۔ لیکن تبھی وہاں پہنچے ہندو وادی تنظیموں کے کچھ لیڈروں نے واقعہ پر اشتعال کا اظہار کرتے ہوئے ملزمین کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور انہیں جیل بھیجنے کا مطالبہ کرتے ہوئے شوبھا یاترا راستے میں ہی روک دیا۔ اسے لے کر بجرنگ دل کے کارکنوں نے نعرے بازی کی۔تنازع کی وجہ سے قصبے میں تقریبا چار گھنٹے تک کشیدگی کا ماحول بنا رہا۔