بلندشہر: اترپردیش کے بلند شہر میں پولیس اور بدمعاشوں کے درمیان تصادم کے دوران ایک ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے غیرقانونی ہتھیار برآمد کئے ہیں۔One Arrested By UP Police
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شلوک کمار نے بتایا کہ ضلع میں ملزمین کے خلاف چلائی جارہی مہم کے تحت کل دیر رات تھانہ گلاوٹھی پولیس ٹیم جانچ کر رہی تھی۔ تبھی انہیں ایک موٹر سائیکل پر سوار دو بدمعاشوں کے گھومنے کی اطلاع ملی۔ پولیس نے باغ کے نزدیک پہنچنے کے بعد سامنے سے آرہی موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو ٹارچ کی لائٹ سے رکنے کا اشارہ کیا۔ بدمعاشوں نے موٹر سائیکل کو تیزی سے موڑ کر فرار ہونے کی کوشش کی۔ پولیس ٹیم کے ذریعہ بدمعاشوں کا تعاقب کیا گیا تو کچھ دوری پر بدمعاشوں کی موٹر سائیکل بے قابو ہوکر پلٹ گئی۔
بدمعاشوں نے اپنے آپ کو پولیس سے گھرتا دیکھ ان پر گولی چلائی۔ جس پر پولیس ٹیم نے بھی دفاع میں فائرنگ کی جس میں ایک گولی لگنے سے زخمی ہوگیا اور پولیس نے اسے گرفتار کرلیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔