میرٹھ:ریاست اترپردیش کے میرٹھ ضلع میں واقع نگر نگم کی بورڈ میٹنگ کے دوران بی جے پی اور اپوزیشن کارپوریٹر کے درمیان زبردست ہنگامہ برپا ہوگیا اور معاملہ مارپیٹ تک پہنچ گیا۔حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے۔
اپوزیشن کے کارپوریٹر کا الزام ہے کہ اس ہنگامی ماحول میں بی جے پی کے کارپوریٹر کے علاوہ بی جے پی ایم ایل سی دھرمیندر بھاردواج اور میرٹھ دکشن اسمبلی رکن و صوبائی وزیر توانائی نے سماجوادی پارٹی کے کارپوریٹر کے ساتھ مارپیٹ کی۔ یہاں تک کہ سماجوادی پارٹی کے دو کارپوریٹر کو سڑک پر دوڑا دوڑا کر پیٹا گیا. اس پورے معاملے پر جہاں میئر جانچ کرا کر ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کیے جانے کی بات کہ رہے ہیں وہیں اپوزیشن کی طرف سے اس معاملے میں ملوث ملزمان پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق میٹنگ میں بی جے پی کی خاتون کارپوریٹر نے ہاؤس ٹیکس وصولی معاملے کو لیکر جب ایک ذات برادری اور مذاہب کے وارڈوں پر تنقید کی تو اپوزیشن کی جانب سے ان کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی، آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین ،بہوجن سماج پارٹی کے علاوہ انڈین یونین مسلم لیگ اور کانگریس کے تمام کارپوریٹر نے ناراضگی کا اظہار کیا۔