مظفر نگر:مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر سنجیو بالیان نے مظفر نگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اس کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ پہلی بار 6 سے 7 اپریل کو اپنے پارلیمانی حلقہ (مظفر نگر ْْْْ)میں بڑے پیمانے پر دو روزہ مویشیوں کی نمائش اور زرعی میلے کا انعقاد کیا جائے گا۔اس کی تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس دو روزہ میلے میں مظفر نگر اور آس پاس کے اضلاع کے مختلف گاؤں سے تقریباً 25 ہزار کسانوں کے شرکت کرنے کا امکان ہے۔ اس میلے کی افتتاحی تقریب میں مرکزی سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری، پرشوتم روپالا اور ریاستی وزیر زراعت سوریہ پرتاپ شاہی مہمان خصوصی کے طور پر موجود ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس کے ساتھ ساتھ میلے کے دوسرے دن مرکزی دیہی ترقی اور پنچایتی راج کے وزیر گری راج سنگھ اور اتر پردیش کے وزیر دھرم پال سنگھ مہمان خصوصی کے طور پر موجود ہوں گے۔ اس زرعی میلے میں کاشتکاروں کو مویشی پالنے اور زراعت سے متعلق نئے منصوبوں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی، ساتھ ہی جانوروں کی نسل کی بہتری، دیکھ بھال اور متوازن خوراک وغیرہ کے حوالے سے بھی کسانوں کو معلومات فراہم کی جائیں گی۔