لکھنؤ: وجہ تخلیق کائنات رسول عربی حضرت محمد مصطفیٰ کی ولادت با سعادت کے مبارک و مسعود موقع پر لکھنؤ کی قدیم ملی تنظیم مرکزی میلاد النبی کمیٹی کی جانب سے تاریخی 74ویں جشن میلاد النبی و کل ہند نعتیہ مشاعرے کا انعقاد قلب شہر میں واقع امین الدولہ ( جھنڈے والا) پارک کے وسیع و عریض میدان پر کیا گیا۔ پوری رات چلنے والی اس محفل کا آغاز مدرسہ جامعہ عربیہ نورالعلوم زید پور بارہ بنکی کے شعبۂ قرأت کے استاد قاری حسرت علی کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا۔ انہوں نے آیات مبارکہ کا اردو ترجمہ اور تفسیر بھی پیش کی۔ خوش گلو شاعر فہیم فاخر کے نذرانۂ نعت کے بعد کمیٹی کے جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ ایم اے حسیب نے تمام مہمانوں اور شرکاء محفل کا استقبال کرتے ہوئے جشن کی تاریخی اہمیت پر مختصر روشنی ڈالی۔
یہ بھی پڑھیں:
EID Milad Un Nabi 2023 لکھنؤ میں جشن میلاد النبی اور کل ہند مشاعرہ نعت کا شاندار انعقاد
حضرت محمد مصطفیٰ کی ولادت باسعادت کے مبارک و مسعود موقع کی مناسبت سے لکھنؤ میں جشن میلاد النبی اور کل ہند مشاعرۂ نعت کا شاندار انعقاد عمل میں لایا گیا۔ All India Mushaira Naat held in Lucknow
Published : Sep 28, 2023, 3:12 PM IST
انھوں نے معاشرہ میں پھیلی ہوئی برائیوں کی بیخ کنی کے لیے منظم طریقہ سے تحریک چلانے کی علماء کرام، دانشوران ملت اور اکابرین قوم سے دردمندانہ اپیل کی۔ سیرت مبارکہ پر تقاریری سلسلہ کا آغاز ممتاز عالم دین مولانا سعید اطہر قاسمی کے خطاب سے ہواـ مولانا نے سیرت مصطفیٰﷺ کی روشنی میں اصلاح معاشرہ کا فارمولہ پیش کیا اور کہا کہ نبیٔ رحمت کا ایک ایک عمل انسانیت کے لیے خیر ہے اور باعث رحمت و نجات ہے۔ امام عیدگاہ مولانا خالد رشید نظام الدین فرنگی محلی نے اپنے خطاب میں آقائے نامدار جناب محمد رسول اللہ کے محبت کے پیغام کو امن عالم کے لیے ضروری بتایا۔ مدرسہ فاطمہ للبنات کے مہتمم مولانا کوثر ندوی نے خاتم الانبیاء محبوب خدا حضرت محمد کی حیات مقدسہ پر سیر حاصل روشنی ڈالی۔
دارالعلوم ندوۃ العلماءکے استاذ تفسیر مولانا فرمان ندوی نے دین محمدیﷺ کے بارے میں دانستہ اور نادانستہ طور پر پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں اور الزامات کا قرآن کے حوالہ سے اور احادیث صحیحہ کی روشنی میں ازالہ کیا۔ انجمن فلاح دارین کے صدر مولانا جہانگیر عالم قاسمی نے اپنے خطاب میں اسلام میں عورتوں کے حقوق کا تذکرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کی پرورش و پرداخت میں خواتین کو کلیدی رول ادا کرنا ہوتا ہے۔ مولانا جہانگیر عالم قاسمی نے معاشرہ سے نفرت اور کدورت کو مٹانے کے لیے اتحاد و اتفاق کی ضرورت پر زور دیا۔ تقاریری سلسلہ کے اختتام پر نصف شب کے بعد کل ہند مشاعرہ نعت کا آغاز ہواـ جس میں بیرونی اور مقامی شعراء کرام نے حضور اقدس اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کی مدح میں نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کی۔
پروگرام کے کنوینر جمال اعزاز نے علماء عظام، شعراء کرام اور تمام شریک غلامان رسول کا شکریہ ادا کیا۔ سلام ودعا کے بعد محفل کے التوا کا اعلان کیا گیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض کمیٹی کے سینئر رکن ڈاکٹر عبدالقدوس ہاشمی اور سینئر صحافی مرکزی میلاد النبی کمیٹی کے میڈیا انچارج خان محمد عبداللہ نے انجام دیے۔ کل ہند مشاعرہ نعت میں شرکت کرنے والے بیرونی اور مقامی شعراء میں دہلی ڈاکٹر شمیم رامپوری، کلیم نعیمی کانپوری، رفیق ناگوری (اجین)، دانش رامپوری (بارہ بنکی)، عقیل عازی پوری، شمشیر عالم پوری (بہار)، حسان ساحر فتحپوری، رحمت لکھنؤی، نجمی لکھنؤی، آفتاب اثر، عرفان لکھنؤی، یقین فیض آبادی، ماہر لکھنؤی، سلیم تابش اور فہیم فاخر وغیرہ نے نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔