لکھنؤ: ذات پر مبنی مردم شماری کو پٹنہ ہائی کورٹ کے ذریعہ صحیح قرار دئیے جانے پر تبصرہ کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)سپریمو مایاوتی نے بدھ کو کہا کہ ملک میں ذات پر مبنی مردم شماری کا مسئلہ سیاسی نہیں بلکہ سماجی انصاف سے جڑا اہم معاملہ ہے۔
مایاوتی نے ٹوئٹ کیا’ او بی سی سماج کی معاشی، تعلیمی و سماجی حالت کا صحیح تجزیہ کر کے اس کے حساب سے ترقیاتی اسکیم بنانے کے لئے بہار حکومت کے ذریعہ کرائی جارہی ذات پر مبنی مردم شماری کو پٹنہ ہائی کورٹ کے ذریعہ مکمل طور سے صحیح قرار دئیے جانے کے بعد اب سب کی نگاہیں یوپی پر ٹکی ہیں یہاں پر ضروری کاروائی کب تک پوری ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کئی ریاستوں میں ذات پر مبنی مردم شماری کے بعد یوپی میں بھی اسے کرانے کا مطالبہ لگاتارزور پکڑ رہا ہےلیکن اس وقت بی جےپی حکومت بھی اس کے لئے تیار نہیں لگتی ہے۔ یہ کافی تشویش کا باعث ہے جبکہ بی ایس پی کا مطالبہ صرف یوپی میں نہیں بلکہ مرکز کو قومی سطح پر بھی ذات پر مبنی مردم شماری کرانی چاہئے۔