علیگڑھ: اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ کے دوران جہاں ایک جانب وزیر اعظم نریندر مودی نے اسرائیل کی حمایت کی ہے تو وہیں دوسری جانب اے ایم یو طلبا نے فلسطین کی حمایت میں پیدل مارچ نکال کر مظلوم فسلطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ طلبا نے فلسطین کی حمایت میں اپنے ہاتھوں میں پوسٹرز لیے ہوئے تھے جس پر 'اے ایم یو اسٹینڈ وِتھ فلسطین اور 'فری فلسطین' لکھا ہوا تھا۔
اور اب فلسطین کی حمایت میں مارچ کرنے پر اے ایم یو کے چار طلباء کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی ہے۔ علیگڑھ پولیس نے چار افراد (عاطف، خالد، کامران اور نوید) کے خلاف دفعہ 153A، 188، 505 کے تحت تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کیا ہے۔ چار طالب علموں کے علاوہ کئی نامعلوم افراد کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس سے قبل بی جے پی کے علیگڑھ سے رکن پارلیمنٹ ستیش گوتم نے آج صبح ایک بیان جاری کرکے اے ایم یو طلباء کے فلسطین کے حمایت میں پیدل مارچ نکالنے پر افسوس کا اظہار کیا تھا اور طلباء کی پہچان کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور اے ایم یو انتظامیہ سے ان کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔