وزیراعظم نریندر مودی (Prime Minister Narendra Modi) نے گزشتہ 19 نومبر کو ملک سے خطاب کرتے ہوئے تین زرعی قوانین کو واپس (Three Farm Laws Repeal) لینے کا اعلان کیا تھا۔ جس کو لے کر کسانوں نے خوشی کا اظہار تو کیا لیکن انہوں نے اپنے مختلف مطالبات کو لے کر کسان تحریک جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
اس تعلق سے ضلع مظفرنگر میں ای ٹی وی بھارت نے جمعیت علمائے ہند (Jamiat Ulema-e-Hind) کے صوبائی سیکریٹری قاری ذاکر حسین سے بات چیت کی۔ اس دوران انہوں نے بتایا کہ 'وزیراعظم کو بہت پہلے ہی اس کا اعلان کر دینا چاہیے تھا۔ ان کا فیصلہ کافی دیر سے آیا ہے۔ ہم اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'یہ جمہوریت کی بڑی جیت ہے کسانوں میں خوشی کا ماحول ہے۔ بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ کسانوں کے مختلف مطالبات کو حل کیے بغیر یہ تحریک ختم نہیں ہوگی ہم بھی ان کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور حکومت ہند سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جو بھی کسانوں کے مطالبات ہیں ان کو جلد از جلد حل کیا جائے۔'