ماؤ: اتر پردیش کے ماؤ ضلع کی گھوسی اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخاب کے لیے آج ووٹ ڈالے جا رہے، گزشتہ سال اس سیٹ سے دارا سنگھ چوہان جیتے تھے، لیکن انہوں نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ امسال بھی دارا سنگھ چوہان اس ضمنی انتخاب میں بی جے پی امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں۔ پولنگ بوتھ پر پولیس نے گھوسی اسمبلی حلقہ کے کئی ووٹروں کو ریڈ کارڈ جاری کیا، ریڈ کارڈ والے لوگوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ووٹ ڈالنے کے بعد سیدھے اپنے گھروں کو جائیں پولنگ بوتھ پر بیٹھ کر کسی طرح کی ماحول خراب کرنے کی کوشش نہ کریں، یہ ریڈ کارڈ صرف ان لوگوں کو جاری کیا گیا ہے، جو پہلے سے ہی پولیس کی نظروں میں تھے۔
گھوسی سیٹ کے 455 بوتھوں پر منگل کی صبح 7 بجے سے ووٹنگ جاری ہوئی۔ ووٹر صبح کے وقت کوپا گنج، ماجھواڑہ، گھوسی، کسارا، اندرا سمیت کئی پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹ ڈالنے پہنچے۔ اس دوران مرد ووٹرز کی تعداد زیادہ دیکھی گئی۔ یہاں مقابلہ کرنے والے 10 امیدواروں نے بھرپور مہم چلائی تھی۔ اس الیکشن میں مقابلہ بی جے پی اور ایس پی امیدواروں کے درمیان بتایا جا رہا ہے۔