ریاست اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی پر نازیبا تبصرہ کرنے والے پر اب تک مقدمہ نہ درج ہونے پر بی ایس پی کارکنان نے پولیس کو دو روز کا الٹی میٹم دیا ہے۔ اس کے بعد بی ایس پی کارکنان نے ضلع میں جگہ جگہ احتجاج کرنے کا انتباہ دیا ہے۔ اس کے علاوہ بی ایس پی کارکنان نے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسموں کی حفاظت کے لیے بھی میمورنڈم دیا۔
واضح ہوکہ نواب گنج نگر پالیکا کے سابق چئیرمین اور بی جے پی رہنما رنجیت بہادر شریواستو عرف لالا رنجیت نے کچھ روز قبل مایاوتی پر نازیبا تبصرہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ بی ایس پی کی سربراہ جاہل ہیں اور نقل کرکے ایل ایل بی پاس ہوئی ہیں۔ اسی لیے وہ لکھا ہوا بیان ہی پڑھتی ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کو برہمن بھی کہا تھا۔ ان کے اس بیان سے بی ایس پی کارکنان میں کافی ناراضگی پائی جارہی ہے۔
اس معاملہ میں اب تک بی ایس پی کارکنان متعدد دفعہ میمورنڈم دے چکے ہیں۔ آج انہوں نے ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپریٹینڈنٹ کو پھر میمورنڈم دیا۔