کوشامبی: اتر پردیش کے کوشامبی ضلع کی پولیس نے عتیق احمد کے مبینہ شارپ شوٹر عبدالقوی کے مفرور بھائی عبدالولی کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس نے ان پر 15 ہزار کے انعام کا اعلان کیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ عبدالولی عدالت میں سرنڈر کرنے کی تیاری میں تھے۔ اس دوران پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔ انہیں گرفتار کرنے کے بعد جیل بھیج دیا گیا ہے۔ عبدالولی پر عبدالقوی کو پناہ دینے کا الزام ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ برجیش سریواستو نے بتایا کہ سرائے اکیل کے بھکنڈہ گاؤں کا رہنے والا عبدالقوی عتیق احمد کا شارپ شوٹر ہے۔ عبدالقوی 2005 میں راجو پال قتل کیس کے بعد سے مفرور تھا۔ الزام ہے کہ عبدالقوی فرار ہونے کے دوران ان کے گھر آتا اور جاتا تھا۔ اس کے بھائی اور رشتہ دار اسے پناہ دیتے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ساتھ ہی ان لوگوں نے راجو پال قتل کیس کے گواہ اوم پرکاش پال پر بھی جان لیوا حملہ کیا۔ جس پر پولیس نے عبدالولی اور اس کے دیگر بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔ عبدالولی مسلسل مفرور تھا۔ پولیس نے اس پر 15000 روپے کے انعام کا بھی اعلان کیا تھا۔