ملک کو او ڈی ایف بنانا وزیراعظم کے خاص منصوبوں میں شامل ہے۔ ظاہر ہے کہ اس منصوبے کے تحت پورے ملک میں حکومت کی جانب سے بیت الخلا بنانے پر خاص زور دیا جا رہا ہے، لیکن اب یہی منصوبہ بد عنوانی کی نظر ہونے لگا ہے۔
بریلی میں اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ایک کلرک کو 25 ہزار روپیہ لیتے ہوئے رنگے ہاتھ گرفتار کیا ہے۔ اسکے علاوہ ملزم کلرک کی جیب سے 82 ہزار روپیے مزید ملے ہیں، اس رقم کے تعلق سے وہ کوئی اطمینان بخش جواب نہیں دے سکے۔
بریلی: رشوت خور کلرک گرفتار بریلی ضلع کے تھانہ بھمورا علاقے میں نورنگپور موضع میں گھر گھر بیت الخلا بنانے کے نام پر بد عنوانی کی شکایت موصول ہوئی تھی۔ موضع کے کسی مقامی باشندے نے اسکی شکایت ضلع مجسٹریٹ سے کی تھی۔
ضلع مجسٹریٹ نے اس شکایت کی تحقیقات کے لیے وِکاس بھون کے ڈی پی آر او کو نامزد کر دیا۔ ابتدائی طور پر جانچ افسر نے بیت الخلا تعمیر میں بد عنوانی ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا اور موضع گرام پردھان مُنیش پال کو بھی ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔
اسی شکایت کی جانچ کرنے کے لیے وِکاس بھون میں شکاتی سیل میں مامور کلرک پریم پال گنگوار نے موضع گرام پردھان مُنیش پال سے 50 ہزار روپیے بطور رشوت طلب کی۔
مُنیش پال سنگھ نے رشوت مانگنے کی شکایت اینٹی کرپشن سے کر دی۔اینٹی کرپشن کی ٹیم نے رشوت خور کلرک کو ٹریپ کرنے کا عمل شروع کیا اور آج وہ دن بھی آیا کہ جب رشوت خور کلرک 25 ہزار روپیے بطور رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا۔