علی گڑھ:پیر سے معذوروں کے لئے بازاروں میں مختلف قسم کے اسکوٹر، ٹری سائکل اور رکشے کہ ساتھ اب جلد ہی ایک خصوصی سائیکل بھی دستیاب ہوگی کیونکہ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کے پیر سے معذور اسوسی ایٹ پروفیسر انجینئر شمشاد علی نے ایک خصوصی سائیکل کا ڈیزائن کیا ہے جس کو حکومت ہند کی جانب سے پیٹنٹ سرٹیفکیٹ بھی مل چکا ہے۔
انجینئر شمشاد علی نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو میں بتایا ”اس ایجاد میں سائیکل کے ساتھ ایک اٹیچمنٹ دیا گیا ہے جس میں سائیکل کو پیچھے ہٹانے والے پہیے ہیں تاکہ جب سائیکل رکی ہو یا آہستہ چل رہی ہو تو وہ عمودی حالت میں مستحکم رہے اور سوار کسی دوسرے شخص کی مدد کے بغیر سائیکل پربیٹھ پائے.
انہوں نے کہا کہ اس سے معذور یا عمر رسیدہ لوگوں کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی اور ان کے اعتماد میں اضافہ ہو گا کیونکہ وہ بغیر سپورٹ وہیل کے سائیکل کے دو پہیوں پر توازن برقرار رکھ سکیں گے۔اپنی ایجاد کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے شمشاد علی نے وضاحت کی کہ سپورٹ پہیوں کو بہت تھوڑی سی کوشش سے کمپاؤنڈ لیور ہینڈل کی مدد سے زمین سے اوپر اٹھایا جا سکتا ہے اور جب سائیکل اپنی معمول کی رفتار حاصل کر لے تو رگڑ کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے انھیں لاک کیا جاسکتا ہے۔