اترپردیش کی یوگی سرکار نے ہفتے میں دو دن لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے لیکن شراب کی دکانیں پورے ہفتے کھولنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
دکانداروں نے اسے غیر مناسب قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب شراب کی دکانیں کھل سکتی ہیں تو کتاب کاپی کی دکانیں کیوں نہیں؟
یوپی میں کتاب کاپی کے دکانداروں کی قسمت میں ابھی بھی لاک ڈاؤن نافذ ہے کیونکہ آن لائن تعلیم شروع ہونے سے ان کی آمدنی ختم ہو گئی۔ انہیں دکان کے دیگر اخراجات پورے کرنے میں دشواری ہو رہی ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران دکاندار نے بتایا کہ 'موجودہ وقت میں دکانداری نام کی کوئی چیز بچی نہیں۔ ہمارے یہاں سے اترپردیش کے مختلف اضلاع میں کاپی کتاب، پین پینسل، اسکول بیگ جاتے تھے، لیکن اب کوئی خریدنے کو تیار نہیں کیونکہ جب آن لائن کلاس ہو رہی ہے تو ان سب کی کوئی ضرورت بھی نہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'بھلے ہی دو دن لاک ڈاؤن ہو لیکن ہمارے لئے پورا ہفتہ ہی لاک ڈاؤن ہوتا ہے کیونکہ کوئی کسٹمر دکان میں آتا ہی نہیں ہے۔ حالات یہ ہو گئے ہیں کہ ہم نے اپنے یہاں کام کرنے والوں کو نوکری سے نکال دیا۔
ہمیں بھکمری کے دہلیز پر پہنچا دیا گیا ہے۔ نہ بجلی کا بل ادا کرنے کو پیسے ہیں اور نہ ہی دکان کا کرایا دینے کے پیسے ہیں۔'